نئی دہلی،26؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس کا احتجاج جاری ہے اور کانگریس کی طرف سے ملک کی 20 ریاستوں کی راجدھانیوں میں 'اگنی پتھ کی بات، نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ‘ کے نام سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوانوں کو خبردار کررہی ہے کہ حکومت اگنی پتھ کے بارے میں نوجوانوں کو کس طرح گمراہ کر رہی ہے اور اس اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو کس طرح دھوکہ دیا جارہا ہے۔
اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت میں کل پیر کو بھٹکل میں بھی کانگریس کی جانب سے ستیہ گرہ کی جارہی ہے ، جس کے تحت بھٹکل نور مسجد کے سامنے واقع تعلقہ پنچایت دفتر کے باہر ستیہ گرہ کیا جائے گا۔ بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک نے خبردی ہے کہ ستیہ گرہ کا پروگرام صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا جس میں مینگلور سے کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ایوان ڈیسوزا سمیت بھٹکل اور منکی کے سبھی کانگریس لیڈران اور پارٹی ورکرس وغیرہ شریک ہوں گے۔